بھٹکل،2/مارچ (ایس او نیوز) مرڈیشور کے آر این ایس ریسیڈنسی ہال میں رکن اسمبلی سنیل نائک کے ہاتھوں اسکوبا ڈائیونگ اتسوا کا خوبصورت افتتاح گزشتہ روز عمل میں آیا جس کا انعقاد محکمہ سیاحت اور ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سنیل نائک نے کہا کہ مقامی طورپر اسکوبا ڈائیونگ کے سلسلے میں عوام اور نوجوانوں کے اندر بیداری لانے کی ضرورت ہے۔ اسکوبا ڈائیونگ کے بارے میں منفی باتیں مشہور ہوجانے سے مقامی لوگ اس سے استفادہ نہیں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے کہ سری لنکا کے اسکوباڈائیونگ دفتر میں بھی مرڈیشور اسکوبا ڈائیونگ کی تختی لگی ہوئی ہے۔اس لئے آئندہ دنوں میں مرڈیشور اسکوبا ڈائیونگ کے سلسلے میں سرکاری سطح پر زیادہ سے زیادہ تشہیر کا کام انجام دیا جائے گا۔
اتر کنڑا کے ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے ساتھ اگر نجی ادارے اور شخصیات بھی اپنا تعاون کریں تو بہت زیادہ فائدہ مند ہوگا۔نیترانی میں جو اسکوبا ڈائیونگ کی سہولت ہے وہ پوری ریاست میں واحد مرکز ہے۔ اسے بین الاقوامی سطح پر مشہور کرنے کے لئے ہر دو سال میں ایک مرتبہ اسکوبا ڈائیونگ اتسوا کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گوا اور انڈومان سے بھی زیادہ بڑے پیمانے پر سیاحت کو فروغ دینے کے مواقع ہمارے یہاں موجود ہیں۔پتنگ بازی اتسوا، اسکوباڈائیونگ اتسوا کے بعد آئندہ کیاکنگ اور ہارن بل اتسوا منعقد کرنے کا بھی منصوبہ زیر غور ہے۔
اس موقع پر کاروار کے ڈی ایف او وسنت ریڈی نے خصوصی لیکچر دیا اور نیترانی کے پاس موجود اسکوبا ڈائیونگ کے سلسلے میں اہم نکات پیش کیے۔ اس پروگرام میں بھٹکل تحصیلدار وی پی کوٹرلی، تعلقہ پنچایت ایکزیکٹیو آفیسر پربھاکر چکمنے موجود تھے۔ محکمہ سیاحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر پورشوتم نے نظامت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا نے کلمات تشکر پیش کیے۔ پروگرام کے بعد مقامی لوگوں اور صحافیوں پر مشتمل تقریباً60افراد کے ایک وفدکو نیترانی کے پاس لے جایاگیا اوراسکوبا ڈائیونگ سے لطف اندوز ہونے کا موقع دیا گیا۔